منگلورو ،2 اگست (ایس او نیوز) مسلم سنٹرل کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ حال ہی میں مسعود اور فاضل نامی جن دو مسلم نوجوانوں کا قتل ہوا ہے ان کے اہل خانہ کو بطور تعاون فی کس 30 لاکھ روپے مہیا کیے جائیں گے ۔
ضلع انتظامیہ کی طرف سے منعقدہ پیس میٹنگ کا بائکاٹ کرنے کے بعد مسلم سنٹرل کمیٹی کے صدر کے ایس محمد مسعود نے اپنی رہائش گاہ پر مختلف مسلم تنظیموں اور اداروں کے ذمہ داران کے ساتھ گذشتہ روز ایک ہنگامی میٹنگ طلب کی اور اس میں مسلم قائدین نے دونوں مقتول مسلم نوجوانوں کے اہل خانہ کو فی کس تیس لاکھ روپے فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ۔
مسلم قائدین نے اس بات پر اپنی ناراضی جتائی کہ دونوں نوجوانوں کو وحشیانہ طریقے سے قتل کیا گیا ہے ، لیکن وزیر اعلیٰ بسوا راج بومئی نے صرف بی جے پی لیڈر پروین کمار کے گھر جا کر تعزیت کی ۔ اور انہوں نے مسعود اور فاضل کے گھر جا کر نہ تعزیت کی اور نہ ہی کسی طرح کا معاوضہ دینے کی بات کہی ۔
کے ایس مسعود صاحب نے ضلع میں ہوئے تینوں نوجوانوں کے قتل پر اپنے دکھ کا اظہار کرتےہوئے تمام باشندوں سے اپیل کی کہ ہر قیمت پر امن و امان برقرار رکھا جائے ۔
اس میٹنگ میں ایم ایل اے یو ٹی قادر، سابق ایم ایل اے محی الدین باوا، مسلم سنٹرل کمیٹی کے نائب صددر ابراہیم کوڈیجال ، بی ایم ممتاز علی ، حنیف باندر، سید محمد باشاہ تھنگل اور دیگر قائدین موجود تھے ۔